ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر سے مجموعی طور پر 35 ہزار 216 غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں سمیت غیر ملکی افراد کو ملک بدر کیا جا چکا ہے، جبکہ اس وقت 208 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
بلوچستان میں پیٹرولیم مصنوعات کا بحران، ایک لیٹر پیٹرول، ڈیزل 500 روپے میں فروخت ہونے لگا
اعداد و شمار کے مطابق ملک بدر کیے جانے والوں میں 13 ہزار 766 مرد، 7 ہزار 61 خواتین اور 14 ہزار 389 بچے شامل ہیں۔
مزید تفصیلات کے مطابق واپس بھیجے گئے افراد میں 10 ہزار 954 ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے، جبکہ 11 ہزار 131 افراد افغان سٹیزن کارڈ کے حامل تھے۔ اس کے علاوہ 13 ہزار 131 غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کو بھی ملک بدر کیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں حکومتی پالیسی اور متعلقہ قوانین کے تحت جاری ہیں۔ صوبے بھر میں سکیورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے رجسٹریشن، جانچ پڑتال اور واپسی کے عمل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود افراد کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی واپسی کے عمل کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے متعلقہ ادارے فعال ہیں۔