کراچی: اگست میں سندھ سے لیے گئے ماحولیاتی نمونوں کے اعداد و شمار جاری کردیئے گئے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں رواں سال اگست کے دوران 5 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ضلع غربی اور کورنگی کے ایک، ایک ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
پاکستانی طلبہ کی افغان طلبہ سے یکجہتی محبت سے زیادہ ان کے سیاسی رجحانات کی عکاس ہے: خواجہ آصف
ای او سی سندھ کے مطابق ضلع وسطی اور جنوبی سے بھی ایک، ایک ماحولیاتی نمونہ پولیو وائرس سے مثبت نکلا، جبکہ حیدرآباد کے 2 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اس کے علاوہ ضلع شرقی، کیماڑی اور ملیر کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گھوٹکی، سکھر، جیکب آباد اور قمبر کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس نہیں ملا۔ لاڑکانہ، کشمور، دادو اور بدین کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی، جبکہ جامشورو، سجاول، میرپورخاص اور سانگھڑ کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس نہیں پایا گیا۔
ای او سی سندھ کے مطابق مثبت نمونوں والے اضلاع میں انسداد پولیو ویکسین اور دیگر اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔