واٹس ایپ نے صارفین کا بڑا درد سر ختم کر دیا
کیا آپ نے کبھی واٹس ایپ میں کسی مہینوں یا برسوں پرانے چیٹ میسج کو تلاش کرنے کی کوشش کی ہے اور کافی دیر تک اسکرولنگ کرنے کے باوجود اسے تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں؟
اگر ہاں تو واٹس ایپ نے صارفین کے اس مسئلے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب کسی مطلوبہ میسج کو ایک کلک پر تلاش کرنا ممکن ہوگا۔
عالمی غیر یقینی صورتحال کے باعث خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی بین الاقوامی قیمتیں بلند سطح پر برقرار
ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ چیٹس کے اندر ایک سرچ شارٹ کٹ فیچر شامل کرنے جا رہا ہے۔
آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں یہ فیچر نظر آیا ہے۔
فی الحال کسی چیٹ کے اندر سرچ کرنے کے لیے چیٹ سے باہر نکل کر چیٹ انفو اسکرین پر جانا پڑتا ہے، جہاں سرچ کے آپشن پر کلک کرکے مطلوبہ میسج تلاش کیا جاتا ہے۔
اگرچہ یہ فیچر کام کرتا ہے، تاہم ہر صارف کے لیے اسے استعمال کرنا اتنا آسان تجربہ نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت چیٹ اسکرین کا حصہ ہی ایک سرچ بٹن بنایا جائے گا۔
یہ بٹن اسکرین پر مستقل موجود نہیں ہوگا بلکہ اس وقت ظاہر ہوگا جب صارف اوپر کی جانب پرانے میسجز تک اسکرول کرے گا۔
بظاہر یہ ایک معمولی تبدیلی محسوس ہوتی ہے، تاہم اس کے ذریعے صارفین کے لیے پرانے پیغامات تلاش کرنا کافی آسان ہوجائے گا۔
جیسا کہ اوپر بتایا جا چکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں نظر آیا ہے، اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے عام صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔
چیٹس کے ساتھ ساتھ یہ فیچر چینلز کا حصہ بھی بنایا جا رہا ہے، جہاں صارفین کسی چینل کی پوسٹس میں موجود پرانی اپ ڈیٹس کو بھی تلاش کرسکیں گے۔