اسلام آباد: اسسٹنٹ کمشنر پوٹھوہار اور مجسٹریٹ آئی نائن راجہ شعیب افضل نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دفتر کے باہر اچانک کارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے اضافی رقم وصول کرنے اور سرکاری امور میں غیر قانونی مداخلت میں ملوث 9 ٹاؤٹس کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق یہ سرپرائز آپریشن عوامی شکایات موصول ہونے پر کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دفتر کے اطراف میں سرگرم 9 افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا گیا، جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد جاوید ملک کی باوقار ریٹائرمنٹ اور مثالی سرپرستی
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پوٹھوہار نے کہا کہ سرکاری دفاتر کے باہر شہریوں کو گمراہ کرنے، غیر قانونی طور پر رقم وصول کرنے اور سرکاری امور میں مداخلت کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو سرکاری خدمات کے حصول کے لیے کسی ٹاؤٹ یا ایجنٹ کی ضرورت نہیں اور تمام کام مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی سرکاری دفتر کے باہر ٹاؤٹس، ایجنٹوں یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد نظر آئیں تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف مؤثر اور بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔
شہریوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات سے سرکاری دفاتر میں شفافیت بڑھے گی اور عوام کو براہِ راست اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔