پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ دوست ممالک کے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اور کیڈٹس میں خواتین کی شمولیت دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی دنیا کی بہترین درسگاہوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی بنیادی ذمہ داری ملک کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق اور بنیان المرصوص میں پاکستان آرمی کی حکمت عملی دنیا نے دیکھی، جبکہ پاکستان ایئر فورس نے نہ صرف دشمن کے جہاز گرائے بلکہ تاریخ رقم کی۔ ان کے مطابق دشمن پاکستان کی طاقت اور مہارت دیکھ کر حیران رہ گیا، اور پاکستان کی سرزمین پر کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ایئر چیف نے مزید کہا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ریکارڈ وقت میں دشمن کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی زیرِ قبضہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا اور پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔ ان کے مطابق مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عوامی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر قیام امن کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت ان کے لیے اعزاز ہے، جبکہ پاکستان ملٹری اکیڈمی میں باصلاحیت افراد نوجوانوں کی بہترین تربیت کر رہے ہیں۔ آخر میں انہوں نے پاکستان آرمی زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔