پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کی ہدایت دی گئی ہے، تاہم پارٹی قیادت اس معاملے پر ان سے ملاقات کر کے مشاورت کرے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پارٹی کے اندر اس بات پر رائے پائی جاتی ہے کہ ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کے حوالے سے مشاورت کی جائے۔ وہ بانی پی ٹی آئی کو اپنی رائے پیش کریں گے لیکن حتمی فیصلہ انہی کا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو عدلیہ سے انصاف کی امید ہے اور وہ تمام دستیاب قانونی فورمز کو مؤثر انداز میں استعمال کرے گی۔ اس وقت ملک عملی طور پر انارکی کی طرف بڑھ رہا ہے اور ہماری جدوجہد کا مقصد نظام کی خامیوں کو بے نقاب کرنا ہے۔
ریحانہ ڈار کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ جس طریقے سے انہیں گرفتار کیا گیا، وہ واضح طور پر ظلم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی چینی اسکینڈل اور کسانوں کے ساتھ حکومتی سلوک جیسے معاملات پر عوام کو آگاہ کرے گی۔
اسد قیصر نے کہا کہ گزشتہ تین سال سے جاری دباؤ اور جبر کے باوجود لوگ سڑکوں پر نکلے، اور اب خیبر پختونخوا میں امن کے لیے بھی عوام کے پاس جائیں گے تاکہ انہیں حقیقت سے آگاہ کیا جا سکے۔