وزیراعظم کی آئندہ سال حج آپریشن مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ سال حج آپریشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزارتِ مذہبی امور سے جامع اور قابلِ عمل منصوبہ طلب کر لیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وزارتِ مذہبی امور نے حج ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ہوم ورک کا آغاز کر دیا ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت آئندہ حج آپریشن کے بیشتر مراحل آن لائن اور جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے، جبکہ حج درخواست، تصدیق اور ادائیگی کے نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جائے گا۔
سہیل آفریدی کی ضم اضلاع میں عوامی خدمات بہتر بنانے کیلئے تین ماہ کی مہلت
ذرائع کے مطابق عازمینِ حج کے لیے ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرانے کی تجویز زیرِ غور ہے، جس کے ذریعے حج سے متعلق تمام مراحل کو ایک ہی نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں نادرا، بینکاری نظام اور دیگر متعلقہ اداروں کے ڈیٹا کو باہم مربوط کرنے کی سفارش بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حج انتظامات میں شفافیت، رفتار اور سہولت بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ انسانی مداخلت کم کرکے خودکار نظام کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے کے لیے بھی جدید ڈیجیٹل میکانزم متعارف کرایا جائے گا۔
وزارتِ مذہبی امور کے حکام مختلف اداروں سے تکنیکی مشاورت کر رہے ہیں، جبکہ وزیراعظم کو جلد حج ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ حتمی منظوری کے بعد یہ ڈیجیٹل اصلاحات آئندہ حج پالیسی کا باقاعدہ حصہ بن جائیں گی۔