وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے حلف اٹھا لیا، عوامی توقعات پر پورا اترنے کا عزم
حلف برداری کی مرکزی تقریب وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ چنار باغ میں منعقد ہوئی، جہاں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ سے حلف لیا۔
تقریبِ حلف برداری میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت، منتخب عوامی نمائندوں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، جبکہ وفاقی وزیر امیر مقام بھی خصوصی طور پر تقریب میں شریک ہوئے۔
سندھ طاس معاہدے پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے: بلاول بھٹو
تقریب کے موقع پر سکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے تاکہ مہمانوں اور عوام کی آمدورفت کو محفوظ اور سہل بنایا جا سکے۔
حلف اٹھانے کے بعد وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ نوجوانوں، ماؤں اور بہنوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا گلگت بلتستان سے تین نسلوں پر محیط مضبوط رشتہ ہے اور دیامر میں پہلی بار پاکستان پیپلز پارٹی کو بھاری مینڈیٹ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے ان پر بھاری ذمہ داری عائد کی ہے اور وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔