کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے بیرون ملک موجود کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دہشتگرد نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بیرون ملک دہشتگرد قیادت کے مقامی سہولت کاروں سے رابطوں، کال ریکارڈنگز اور دیگر شواہد پیش کیے گئے۔ ساتھ ہی کالعدم تنظیموں کے سربراہان، کمانڈرز اور دیگر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
متنازعہ ٹویٹ کیس، عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی 3 درخواستیں خارج کر دیں
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کالعدم بی ایل اے، بی ایل ایف، یو بی اے، بی آر جی اور لشکر بلوچستان کی قیادت کے خلاف مقدمات کی پراسیکیوشن تیز کرنے کی ہدایت دی گئی۔ وفاقی وزارت داخلہ اور خارجہ کی مدد سے انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹسز کی کارروائی بھی تیز کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ دہشتگردی میں ملوث مقامی سہولت کاروں اور کالعدم تنظیموں کی قیادت کے خلاف کارروائی پروونشل ایکشن پلان کی گائیڈ لائن کے تحت کی جائے گی۔