پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہڈیوں کے امراض کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے
آسٹیوپوروسس کو خاموش بیماری کہا جاتا ہے، کیونکہ یہ بغیر کسی واضح علامت کے ہڈیوں کو اندر سے کھوکھلا اور کمزور کردیتی ہے، جس کے باعث معمولی چوٹ لگنے پر بھی ہڈی ٹوٹنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ہڈیوں کو خاموشی سے کھوکھلا کرنے والی اس بیماری کے عالمی دن کے موقع پر انٹرنیشنل آسٹیوپوروسس فاؤنڈیشن اور مقامی تحقیق کے مطابق پاکستان میں اس وقت لاکھوں افراد آسٹیوپوروسس کا شکار ہیں، جن میں 72 لاکھ خواتین شامل ہیں۔
خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ 2050 تک ملک میں اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 29 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق آبادی کے تناسب سے پنجاب میں 50 لاکھ سے زائد افراد اس بیماری میں مبتلا ہیں۔
خواتین میں آسٹیوپوروسس کا رجحان مردوں کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں 50 سال سے زائد عمر کی ہر تین میں سے ایک خاتون اور ہر پانچ میں سے ایک مرد آسٹیوپوروسس کے باعث ہڈیوں کے فریکچر کا شکار ہوتا ہے۔
پاکستان میں 50 سال سے زائد عمر کی 30 فیصد خواتین آسٹیوپوروسس میں مبتلا ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس بیماری کی بڑی وجوہات میں کم عمری میں شادی، بار بار حمل، بچوں کو دودھ پلانے کے دوران کیلشیم کی کمی پوری نہ کرنا، وٹامن ڈی کی شدید کمی اور بیٹھے رہنے پر مشتمل طرز زندگی شامل ہیں۔
پاکستان میں 70 فیصد حاملہ خواتین اور 40 فیصد بچوں میں وٹامن ڈی کی کمی پائی جاتی ہے۔ آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر سجاد احمد گورایہ کے مطابق لاہور میں 36 فیصد افراد آسٹیوپوروسس کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس بیماری سے بچاؤ ممکن ہے۔
ورلڈ آسٹیوپوروسس ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہڈیوں کی مضبوطی صحت مند زندگی کی بنیاد ہے۔ بروقت تشخیص، متوازن غذا اور باقاعدہ ورزش کے ذریعے اس خاموش بیماری سے بچاؤ اور اس کے اثرات کو کم کرنا ممکن ہے۔



