اسلام آباد میں ہونے والی ایمرجنگ پاکستان نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ کے سنسنی خیز مقابلے اختتام پذیر ہو گئے۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر تجارت جام کمال تھے، جبکہ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
مینز سنگلز کا ٹائٹل معروف کھلاڑی عقیل خان نے اپنے نام کیا، جنہوں نے فائنل میں مزمل مرتضی کو سخت مقابلے کے بعد 2-6، 7-5، 3-6 سے شکست دی۔ لیڈیز سنگلز کا فائنل اوشنا سہیل نے جیتا، جنہوں نے زونیشا نور کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
مینز ڈبلز کا ٹائٹل پاکستان کے تجربہ کار ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی اور عقیل خان نے مشترکہ طور پر جیتا۔ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد اور کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی پر مہمانانِ خصوصی نے مبارکباد پیش کی اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کو سراہا۔