Gas Leakage Web ad 1

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمدمعین وٹوکی زیر صدارت وفاقی فلڈ کمیشن کا سالانہ اجلاس

0
اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے آبی وسائل  میاں محمد معین وٹو نے  مون سون سیزن کے دوران  ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لئے 24گھنٹے نگرانی اور تمام اداروں کے درمیان مؤثر تعاون پر زور دیا ہے۔ وفاقی فلڈ کمیشن (ایف ایف سی ) کا 60واں سالانہ اجلاس وفاقی وزیر برائے آبی وسائل  میاں محمد معین وٹو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے آبی وسائل اور چیئرمین وفاقی فلڈ کمیشن بھی موجود تھے  ۔
Gas Leakage Web ad 2
اجلاس ملک بھر میں مون سون 2025 کے لئے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کیا گیا جس میں وفاقی اداروں اور صوبائی حکومتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیلاب سے بچاؤ کی حکمت عملی اور ممکنہ سیلابی پانی کے محفوظ اخراج کے لئے پیشگی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی )نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جولائی سے ستمبر کے عرصے کے دوران وسطی اور جنوبی پاکستان میں معمول سے تھوڑا زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں زیادہ بارش متوقع ہے جبکہ شمالی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں معمول یا معمول سے کم بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کی بھی پیش گوئی کی ہے جس کے نتیجے میں دریائی سیلاب، اچانک سیلاب (فلیش فلڈ)، شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے جیسے شدید آبی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ان پیش گوئیوں کے جواب میں وفاقی وزیر میاں محمد معین وٹو نے ہدایت کی کہ بڑے شہروں میں نکاسی آب کے نظام کی فوری صفائی کی جائے۔
انہوں نے خاص طور پر بیراجوں اور اہم انفراسٹرکچر جیسے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور پاکستان ریلویز کے پلوں کے آس پاس موجود تجاوزات اور ملبہ فوری ہٹانے کی ہدایت کی تاکہ سیلابی پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ نہ آئے۔ کراچی، لاہور اور راولپنڈی جیسے  شہروں میں شہری نالوں کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی دی گئی۔
چیئرمین ایف ایف سی نے اجلاس کے شرکاء کو کمیشن کی طرف سے قبل از مون سون تیاریوں، سروے رپورٹس اور رابطہ کاری منصوبوں سے آگاہ کیا۔ شرکاء نے دریا کے بہاؤ کی نگرانی، انفراسٹرکچر کی تیاری، اور موسمیاتی و ٹیلی میٹری نظام کی فعالیت پر رپورٹ پیش کی۔ نیشنل اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے اپنی تیاریوں سے متعلق حکمت عملی بھی پیش کی۔ تربیلا اور منگلا ڈیمز کے حکام نے سیلاب کے دوران پانی کے محفوظ اخراج کے لئے اپنے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز بھی پیش کئے۔ وفاقی وزیر میاں محمد معین وٹو نے اجلاس کے اختتام پر ہدایت کی کہ عوام اور اہم  انفراسٹرکچرز کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے تمام اداروں کے نمائندوں کے قومی سلامتی و سیلاب سے بچاؤ کے لئے  عزم کو سراہا۔ انہوں نے آئندہ دنوں میں کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.