انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا جناب ذوالفقار حمید نے آج ضلع مردان کا خصوصی دورہ کیا، جس کا مقصد پولیس سسٹم میں بہتری، عوام دوست اقدامات اور تاریخی تھانہ رستم کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح تھا۔ ضلع مردان پہنچنے پر ریجنل پولیس آفیسر مردان نجیب اللہ بگوی نے ان کا استقبال کیا ۔
آئی جی پی نے تھانہ رستم کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح اور تفصیلی معائنہ کیا، اس میں ایس ایچ او آفس، لیڈیز ڈیسک و ریسٹ روم، محرر آفس، کوت، حوالات، اور دیگر شعبہ جات شامل تھے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تھانہ رستم سکھ دور میں قائم کیا گیا ایک انتہائی اہم تھانہ ہے جو انگریز دور میں بھی ااہمیت کا حامل رہا جسکا اندازہ تھانے کے رجسٹر نمبر 13 میں انگریز افسران کے دورانِ وزٹ لکھے گئے تاریخی تاثرات سے لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا دورِ حاضر میں بھی ضلع بونیر کے پہاڑی علاقے سے ملحق ہونے کی وجہ سے اس تھانے کی کافی اہمیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہترین بلڈنگز نہ صرف پولیس کو بہتر سہولیات اورحفاظت کی فراہمی کیلئے بلکہ عوام میں پولیس کے بہتر امیج کیلئے بھی ضروری ہیں۔ آئی جی پی نے خاص طور پر خواتین کے لیے قائم ڈیسک اور ساتھ منسلک لیڈیز ریسٹ روم کا معائنہ کیا اور وہاں تعینات خواتین پولیس افسران کی کارکردگی کو سراہا، انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ تھانوں کو عوام دوست مراکز میں تبدیل کیا جائے جہاں ہر شہری کو عزت اور فوری انصاف میسر آئے۔
آئی جی پی نے ریجنل پولیس آفس میں مردان ریجن کے مختلف تھانوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا ۔ اس موقع پر آئی جی پی ذوالفقار حمید نے فرض شناسی اور دیانت داری سے عوامی خدمت کوپولیس کی اصل پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت پر مامور ایسے پولیس افسران جو محنت اور دیانت سے فرائض کی انجام دہی میں مصروف عمل ہوں انکی حوصلہ افزائی سے دیگراہلکاروں میں مزید جوش اور لگن پیدا ہوتی ہے، جو عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
بعدازاں، آئی جی خیبرپختونخوا جناب ذوالفقار حمید نے ڈی آر سی (ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل) رستم اور کاٹلنگ کے اراکین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے ثالثی کونسلز کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے سماجی امن اور بھائی چارے کے فروغ میں غیر معمولی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ "ڈی آر سیز نے نہ صرف معاشرتی سطح پر تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل کرکے سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے بلکہ دیرینہ دشمنیوں کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی خدمات سے عدالتی نظام پر بڑھتا ہوا دباؤ نمایاں طور پر کم ہوا ہے، جو ایک پُرامن اور مستحکم معاشرے کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔” آئی جی پی نے امید ظاہر کی کہ ڈی آر سیز مستقبل میں بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ عوام کی خدمت کرتی رہیں گی۔ اس موقع پر ڈی آر سی ممبران نے آئی جی پی کو روایتی پگڑی بھی پہنائی۔
دورے کے اختتام ،تھانہ رستم میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں آئی جی پی نے اپنے ہاتھوں سے پودہ لگایا۔