بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کا کیس کل بروز پیر سماعت کیلیے مقرر کر دیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کل درخواست پر سماعت کریں گے، اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے جواب پہلے ہی جمع کروایا جا چکا ہے جبکہ عدالت نے دیگر فریقین کو بھی جواب جمع کروانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
سلمان اکرم راجہ عمران خان کی جانب سے ایکس اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق کیس کی پیروی کر رہے ہیں، عدالت نے کیس کی مشاورت کیلیے ان کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی تھی لیکن عدالتی حکم کے باوجود ان کی سابق وزیر اعظم سے ملاقات نہ ہو سکی تھی۔گزشتہ سماعت کا احوال
فروری میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت مئی کے پہلے ہفتے تک ملتوی کی تھی۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل ظفر اللہ اور عمران خان کے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
وکیل علی بخاری نے بتایا تھا کہ سلمان اکرم راجہ کی صحت ٹھیک نہیں ہے اس لیے وہ آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، عدالت نے عمران خان سے ملاقات نہ کروانے کا جیل حکام سے پوچھا تھا۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل ظفر اللہ سے استفسار کیا تھا کہ آپ کیا چاہ رہے ہیں؟ جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ ہم دلائل کیلیے تیار ہیں جواب کی کاپی دوسرے فریق کو بھی دے دیں، عمران خان اور پی ٹی آئی کا جواب نہیں آیا، ہمیں پہلے جیل میں ملاقات تو کرنے دیں پھر ہم جواب دیں گے۔
عدالت نے علی بخاری سے استفسار کیا تھا کہ سلمان صاحب سے پوچھ لیں آپ جواب جمع کروائیں گے؟ آپ پی ٹی آئی بھی اس کیس میں فریق ہیں۔
وکیل نے کہا تھا کہ آپ نے جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی ہدایت کی تھی وہ تو ہو جائے۔ جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر کا کہنا تھا کہ آپ یا پی ٹی آئی جواب فائل کرنا چاہتے یا نہیں؟ دیکھ لیجیے گا۔