صدر ٹرمپ نے بیانات کے بعد اب تصاویر کے ذریعے ایران کو دھمکانا شروع کر دیا ہے اور یہ دھمکی پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اہم تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز بدستور بند ہے اور امریکا اور ایران کے مذاکرات بظاہر تعطل کا شکار ہیں۔ صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں ایران کو دھمکی دی ہے کہ وہ جلدی کرے اور سمجھ داری دکھائے، اس پوسٹ کے ساتھ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ایک تصویر بھی شامل ہے جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھ میں بندوق ہے، پس منظر میں دھماکے اور تباہی کی عکس بندی کی گئی ہے اور تصویر پر انگریزی میں عبارت درج ہے کہ اب شرافت دکھانے کا وقت نہیں بچا۔ صدر ٹرمپ نے پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ ’ایران اپنے معاملات درست نہیں کر پا رہا، وہ نہیں جانتا کہ غیر جوہری معاہدے پر کیسے دستخط کیے جاتے ہیں، بہتر ہے وہ جلد ہوش کے ناخن لیں۔‘
مئی 2026 میں کتنی چھٹیاں ہوں گی؟ عوام کےلیے بڑی خبر آگئی
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان غیر معینہ مدت تک جنگ بندی کے بعد فی الحال سفارتی کوششیں التوا کا شکار ہیں۔ امریکی مذاکراتی وفد نے گزشتہ ہفتے بات چیت کے لیے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کا دورہ کرنا تھا، تاہم صدر ٹرمپ نے عین وقت پر یہ دورہ منسوخ کر دیا تھا، امریکی صدر کا کہنا تھا کہ تمام کارڈز ہمارے پاس ہیں، اگر ایران بات کرنا چاہتا ہے تو وہ ہمارے پاس آئے یا ہمیں کال کرے۔ اس سے قبل نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ہونے والے مذاکرات بھی کسی حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے تھے۔