یورپی یونین کا گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے یورپی یونین کے سفیر ریمنڈاس کاروبلیس، کونسل یورپی یونین یرون ولیم جان ماریا اور فرسٹ سیکرٹری الیگزینڈرو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کی ترقی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، گلیشیئرز کے تحفظ، توانائی بحران اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے یورپی یونین کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان جیسے دور افتادہ اور دشوار گزار پہاڑی علاقے کی تعمیر و ترقی میں یورپی یونین کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کو سالانہ قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے گھروں اور فصلوں کو نقصان پہنچتا ہے، جبکہ گلیشیئرز کے تحفظ کے لیے صوبائی حکومت نے گلیشیئرز پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یورپی یونین اور اے ایف ڈی کا رورل ڈویلپمنٹ اینڈ کلائمیٹ ریزیلینس منصوبہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، صاف پانی کی فراہمی، بجلی کے بحران پر قابو پانے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی اور یکساں مواقع کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ سیاحت کے فروغ کے لیے گلگت میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر اور روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یورپی یونین کے سفیر ریمنڈاس کاروبلیس نے کہا کہ یورپی یونین گلگت بلتستان میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رورل ڈویلپمنٹ اینڈ کلائمیٹ ریزیلینس منصوبہ زراعت، موسمیاتی تبدیلی، گلیشیئرز کے تحفظ، بجلی بحران اور فنی تربیت کے شعبوں میں معاون ثابت ہوگا۔ سفیر نے گلگت بلتستان حکومت کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔