صارفین فوری طور پر اپنے پاس ورڈ تبدیل کریں، پاسورڈ منیجر کمپنی
پاس ورڈ مینیجر ایپلی کیشن ایم سیکیور نے مشکوک سرگرمی سامنے آنے کے بعد اپنے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے پاس ورڈ تبدیل کریں، ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن دوبارہ ترتیب دیں اور ضرورت پڑنے پر اپنی موجودہ پاس کیز بھی ختم کردیں۔

امریکی کمپنی ایم سیون سافٹ ویئر نے 3 نومبر کو صارفین کو بھیجی گئی ای میل میں بتایا کہ اسے اپنی پاس ورڈ مینجمنٹ ایپلی کیشن سے منسلک کچھ مشکوک سرگرمیوں کا علم ہوا ہے جس کے بعد فوری تحقیقات شروع کردی گئیں۔
کمپنی کے مطابق مسئلے پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے ہیں اور تحقیقات میں معاونت کے لیے بیرونی سائبر سیکیورٹی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔
کمپنی نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ مشکوک سرگرمی کس نوعیت کی تھی، یہ کب پیش آئی اور آیا ہیکرز صارفین کی ذاتی معلومات یا محفوظ کیے گئے پاس ورڈز تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے یا نہیں۔
کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایپلی کیشن میں محفوظ اپنی تمام حساس معلومات کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں، جن میں تمام پاس ورڈز تبدیل کرنا، ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن کو دوبارہ ترتیب دینا اور پہلے سے موجود پاس کیز کو ہٹانا شامل ہے۔



