Gas Leakage Web ad 1

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ای گورننس، میرٹ پر بھرتیوں اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لیے اہم ہدایات

0

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ای گورننس، میرٹ پر بھرتیوں اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لیے اہم ہدایات

Gas Leakage Web ad 2

گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے صوبے میں ای گورننس کے فروغ، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، سرکاری محکموں میں شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیوں اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم اقدامات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ای گورننس، ترقیاتی منصوبوں اور ٹھیکیداروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی بروقت فراہمی اور ان کی الاٹمنٹ کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق یقینی بنانے کے طریقہ کار کو پلاننگ مینوئل کا حصہ بنایا جائے۔
سری لنکا نے 430 رنز کا تاریخی ہدف حاصل کرکے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی
وزیراعلیٰ نے ای ٹینڈرنگ سے متعلق سفارشات جلد مکمل کرکے منظوری کے لیے متعلقہ فورم میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ صوبے میں یکساں ٹینڈر پالیسی متعارف کرائی جاسکے۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے سال 2026 کے نئے ریٹس کے حوالے سے قائم کمیٹی کو بھی ہدایت کی کہ اپنی سفارشات جلد مرتب کرکے پیش کی جائیں۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تین ہفتوں کے اندر تمام سرکاری محکموں میں پلاننگ سیل قائم کیے جائیں، تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر منصوبہ بندی، بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ انتظامی منظوری یا نظرثانی کے مجاز فورم سے باقاعدہ منظوری حاصل کیے بغیر کسی بھی ترقیاتی منصوبے پر کام شروع کرنا غیر قانونی ہے۔ اس سلسلے میں ترقیاتی منصوبوں کی نظرثانی کے لیے معیاری ضابطہ کار (SOPs) تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

اجلاس کے دوران سیکریٹری خزانہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکاری ٹینڈرز میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ای ٹینڈرنگ کا نظام متعارف کرایا جارہا ہے، جبکہ اب تک 150 ٹھیکیداروں کو اس نظام کے حوالے سے تربیت فراہم کی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے نظام کے باضابطہ افتتاح کے بعد تمام اقسام کے سرکاری ٹینڈرز ای ٹینڈرنگ کے ذریعے کیے جائیں گے۔

گلگت بلتستان ٹیسٹنگ سروس کو جلد فعال بنانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے سرکاری محکموں میں خالی آسامیوں پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر بھرتیوں کو یقینی بنانے کے لیے گلگت بلتستان ٹیسٹنگ سروس کو جلد فعال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

اس حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ٹیسٹنگ سروس کو فعال بنانے کے لیے ضروری قانون سازی کا مسودہ آئندہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جائے، تاکہ بھرتیوں کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنایا جاسکے۔

انہوں نے سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ (PMRU) کو محکمہ خزانہ کے تعاون سے تمام سرکاری محکموں کے اسٹیٹمنٹ آف نیڈ (SNEs) کا جائزہ لینے، خالی آسامیوں کی نشاندہی کرنے اور سات دن کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ نے سکیل 1 سے 6 تک کی آسامیوں پر بھرتیوں کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے اور اس حوالے سے معیاری ضابطہ کار (SOPs) تجویز کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بڑی تعداد میں سرکاری آسامیاں خالی ہیں، جبکہ ان پر بھرتیوں کے لیے مطلوبہ بجٹ بھی دستیاب ہے۔ اس لیے تمام خالی آسامیوں پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر بھرتیوں کو یقینی بنایا جائے، تاکہ اہل امیدواروں کو ان کا حق مل سکے اور معاشرے میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جاسکیں۔

او پی ڈی صحت حفاظت کارڈ کا اجرا یکم نومبر سے ہوگا، 67 ہزار افراد مستفید ہوں گے

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے اعلان کیا ہے کہ او پی ڈی صحت حفاظت کارڈ کا اجرا یکم نومبر سے کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت حکومت گلگت بلتستان اور جرمن حکومت کے باہمی تعاون سے گلگت میں آؤٹ پیشنٹ ہیلتھ انشورنس پروگرام بطور پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا۔

منصوبے کے حوالے سے بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا اور بالخصوص مستحق افراد کو مفت علاج کی سہولت مہیا کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت تقریباً 67 ہزار مستحق افراد مستفید ہوں گے، جنہیں صحت حفاظت کارڈ کے ذریعے ڈاکٹر کے معائنے، ضروری طبی ٹیسٹوں اور ادویات کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ گلگت بلتستان میں بنیادی صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ پروگرام کو بتدریج صوبے کے دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جرمن حکومت نے منصوبے کے تیسرے اور چوتھے مرحلے میں بھی صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کے مطابق یہ تعاون خطے میں صحت کے شعبے کی بہتری اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

ان اجلاسوں میں صوبائی وزرا، متعلقہ سیکریٹریز، محکمہ خزانہ، محکمہ صحت، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ (PMRU) اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.