چلاس میں واپڈا دیامر اسپورٹس گالا یکم نومبر کو ہوگا، تیاریوں کا جائزہ
اسپورٹس گالا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر دیامر لیفٹیننٹ (ر) محمد اویس عباسی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا
چلاس: جشنِ آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر واپڈا دیامر اسپورٹس گالا 2026 یکم نومبر کو روہنی پولو گراؤنڈ چلاس میں منعقد ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ دیامر کے زیرِ اہتمام اور واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تعاون سے ہونے والے اسپورٹس گالا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر دیامر لیفٹیننٹ (ر) محمد اویس عباسی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سوشل سیف گارڈ، واپڈا میجر (ر) طارق محمود، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز، واپڈا کے سینئر حکام، مختلف اداروں کے سربراہان اور کھیلوں سے وابستہ ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اسپورٹس گالا کے انتظامات اور مختلف سرگرمیوں کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔
اسپورٹس گالا میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال اور دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے، جبکہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے قرأت، تقریری مقابلوں اور کیریئر کونسلنگ سیشنز سمیت مختلف ہم نصابی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب یکم نومبر کو دوپہر 2 بجے روہنی پولو گراؤنڈ چلاس میں ہوگی، جس کے بعد ابتدائی پولو میچ کھیلا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر دیامر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے۔
اسپورٹس گالا کا مقصد دیامر کے نوجوانوں اور مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا، کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا اور طلبہ کی تخلیقی و تعلیمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے، تاکہ وہ علاقائی اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوا سکیں۔



