ملک بھر کی میڈیسن مارکیٹوں میں انفلوئنزا (فلو) کی جعلی ویکسین سپلائی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ڈریپ کے مطابق انفلو ویک ٹیٹرا اور ویکسی گرپ ٹیٹرا کے نام سے جعلی ویکسین مارکیٹ میں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ ایبٹ فارما اور سنوفی ونتھراپ کی ویکسین کے نام پر بھی جعلی مصنوعات کی نشاندہی ہوئی ہے۔
الرٹ کے مطابق ویکسی گرپ ٹیٹرا ویکسین کا بیچ نمبر Y4B34 اور لاہور میں سپلائی ہونے والی انفلو ویک ٹیٹرا ویکسین کا بیچ نمبر P13 جعلی قرار دیا گیا ہے۔ ڈریپ کا کہنا ہے کہ ویکسی گرپ ٹیٹرا کا مذکورہ بیچ پاکستان درآمد ہی نہیں کیا گیا۔
ڈریپ نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ مشتبہ بیچز کی ویکسین مریضوں کو استعمال نہ کرائیں، کیونکہ ان کا معیار اور افادیت غیر واضح ہے اور ان کا استعمال صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔
اتھارٹی نے صوبائی ڈرگ حکام اور متعلقہ فیلڈ فورس کو جعلی ویکسین کے بیچز فوری ضبط کرنے اور سپلائی چین کی تحقیقات کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ ڈاکٹروں، فارمیسیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کو بھی جعلی ویکسین کی اطلاع متعلقہ حکام کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔



