برآمدات پر مبنی معاشی ترقی اولین ترجیح ہے: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے برآمدکنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات کی، جس میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا گیا۔
پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کرایوں میں اضافے کا اعلان
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کی ملاقات کا مقصد برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ کے حوالے سے مشاورت کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروبار کو آسان بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ توانائی کی لاگت میں کمی بھی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ مشکل حالات کے باوجود باہمی مشاورت سے بنیادی اصلاحات کی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایف بی آر نے انفورسمنٹ کے ذریعے ایک سال میں 800 ارب روپے ریکور کیے ہیں۔ حکومت کی معاشی ٹیم کی کوششوں کی بدولت ملک کے میکرو اکنامک حالات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، تاہم مائیکرو اکنامک سطح پر مزید بہتری لانے کے لیے ہمیں مزید محنت کرنا ہوگی تاکہ معاشی بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے برآمدکنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے ایک بار پھر کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔