کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز مذمت کرتے ہیں۔
شہزاد اعوان نے کہا کہ 17 روز میں ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔
دماغ اور معدے کے درمیان درمیان موجود اہم تعلق دریافت
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی۔ ہمارے چند مطالبات تسلیم کیے گئے ہیں اور ان پر عملدرآمد بھی جاری ہے، تاہم بیشتر مطالبات تاحال التوا کا شکار ہیں۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 58 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 364 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 روپے 18 پیسے کا اضافہ کیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔