لندن: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر بزنس فورمز کے بجائے قومی اسمبلی میں بحث ہونی چاہیے، پاکستان کے تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوبوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا مؤقف واضح ہے، اگر سسٹم فیل ہوا ہے تو اس پر قومی اسمبلی میں باقاعدہ بحث ہونی چاہیے۔
پاکستان کو ایل این جی کی خریداری کیلئے ٹینڈر پر کوئی بولی نہیں آئی
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل کوئی ایک سیاسی جماعت نہیں نکال سکتی، ملک کے تمام مسائل کا حل جمہوریت میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کو اپنی رائے دینے کا حق ہے، تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ اس معاملے پر قومی اسمبلی میں بحث کی جائے۔ محسن نقوی پارلیمان میں کم آتے ہیں، انہیں بزنس فورم کے بجائے پارلیمان میں آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سسٹم کیوں فیل ہوا اور اس کا حل کیا ہے، اس پر قومی اسمبلی میں بحث ہونی چاہیے۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ ملک کی قسمت کا فیصلہ چند بزنس مین کر رہے ہوں، تمام سیاسی جماعتوں کو قومی اور عوامی معاملات پر انگیج ہونا چاہیے۔ سسٹم میں موجود مسائل پر کھل کر بحث ہونی چاہیے۔
بلاول بھٹو نے آزادکشمیر کے انتخابات پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمان کی کمیٹی بنائی جائے۔ ماضی میں جو ہوا وہ ہوا، آنے والے انتخابات صاف اور شفاف ہونے چاہئیں۔