وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جے ڈی وینس کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے، جبکہ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی تصدیق کی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملاقات میں اہم علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکا کے وفود کی تعمیری اور مثبت انداز میں مذاکرات میں شرکت کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد مذاکرات خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کی جانب ایک اہم پیشرفت ثابت ہو سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنی سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے یہ مذاکرات دونوں اطراف کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔