اسلام آباد امن مذاکرات کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے صحافیوں کے لیے ویزا آن ارائیول فراہم کیا گیا ہے۔
ایران سے ہزاروں پاکستانیوں کی وطن واپسی
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کوریج کے لیے دنیا بھر سے صحافی پاکستان پہنچے ہیں اور تقریباً 50 کے قریب صحافی پہلے ہی پاکستان آ چکے ہیں۔ ان کے مطابق صحافیوں کو ایک ہی چھت تلے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چین، سعودی عرب، جاپان، جرمنی، کوریا سمیت مختلف ممالک سے صحافیوں نے ویزا کی درخواستیں دی ہیں۔
وزیر اطلاعات کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات نے جناح کنونشن سینٹر میں صحافیوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں، جہاں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کنیکٹوٹی، پرنٹرز، کمپیوٹرز اور اسکرینز سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ کوریج میں آسانی ہو۔
انہوں نے کہا کہ جناح کنونشن سینٹر ریڈ زون کے قریب واقع ہے، جس کی وجہ سے صحافی آسانی سے کوریج کر سکتے ہیں، جبکہ انہیں خصوصی کارڈز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ تمام سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرنے کا مقصد صحافیوں کو سہولت دینا ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، اور انہوں نے غیر ملکی صحافیوں کو خوش آمدید بھی کہا۔