کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر بغیر ماؤس کے یوٹیوب کو استعمال کرنے میں مددگار کی بورڈ شارٹ کٹس جانیں
یوٹیوب دنیا کی مقبول ترین ویب سائٹس میں شمار ہوتی ہے اور اس کے ماہانہ صارفین کی تعداد دو ارب سے تجاوز کر چکی ہے، تاہم اس کے باوجود بہت کم افراد اس کے کی بورڈ شارٹ کٹس سے واقف ہیں۔

یہ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم دنیا بھر میں کروڑوں افراد روزانہ استعمال کرتے ہیں اور اس پر کافی وقت گزارتے ہیں۔ درحقیقت یوٹیوب اب بہت سے لوگوں کے لیے روزگار کا اہم ذریعہ بھی بن چکا ہے، تاہم صارفین کی بڑی تعداد اسے اب بھی صرف ویڈیوز دیکھنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔
اگر آپ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر یوٹیوب استعمال کرتے ہیں تو چند اہم کی بورڈ شارٹ کٹس سے آگاہی آپ کے لیے نہایت مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ ان شارٹ کٹس کی مدد سے آپ ماؤس استعمال کیے بغیر یوٹیوب پر مختلف کام آسانی سے انجام دے سکتے ہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقراررکھ کرحکومت نےخودفائدہ اٹھالیا،مفتاح اسماعیل
اگر آپ ویڈیو دیکھتے ہوئے "J” کا بٹن دباتے ہیں تو ویڈیو 10 سیکنڈ پیچھے چلی جاتی ہے، جبکہ "L” دبانے سے ویڈیو 10 سیکنڈ آگے بڑھ جاتی ہے۔ اسی طرح دائیں اور بائیں ایرو بٹن استعمال کر کے ویڈیو کو 5 سیکنڈ آگے یا پیچھے کیا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کو روکنے یا دوبارہ چلانے کے لیے اسپیس بار یا "K” بٹن استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ ویڈیو کو پاز کرنے کے بعد فریم بائی فریم آگے یا پیچھے جانا چاہتے ہیں تو "،” (کوما) اور ".” (ڈاٹ) کے بٹن مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ان کی مدد سے ویڈیو کو ایک ایک فریم کے حساب سے آگے یا پیچھے کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ ویڈیو کے کسی مخصوص حصے تک جلدی پہنچنا چاہتے ہیں تو نمبر بٹن اس مقصد کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ "1” دبانے سے ویڈیو 10 فیصد، "2” دبانے سے 20 فیصد، "3” سے 30 فیصد، "4” سے 40 فیصد، "5” سے 50 فیصد، "6” سے 60 فیصد، "7” سے 70 فیصد، "8” سے 80 فیصد اور "9” دبانے سے ویڈیو کے 90 فیصد حصے تک پہنچا جا سکتا ہے۔
"C” بٹن سے سب ٹائٹلز یا کیپشن آن اور آف کیے جا سکتے ہیں، جبکہ "F” کے ذریعے فل اسکرین موڈ کو فعال یا غیر فعال کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ فوری طور پر سرچ باکس تک جانا چاہتے ہیں تو "/” کا بٹن دبانے سے سرچ بار کھل جاتی ہے۔
آواز کو کنٹرول کرنے کے لیے اوپر والا ایرو بٹن والیوم کو 5 فیصد بڑھا دیتا ہے جبکہ نیچے والا ایرو بٹن 5 فیصد کم کر دیتا ہے۔
اسی طرح "P” بٹن سے پچھلی ویڈیو اور "N” بٹن سے اگلی ویڈیو پر جایا جا سکتا ہے۔
"Theater Mode” استعمال کرنے کے لیے "T” بٹن دبایا جا سکتا ہے، جبکہ "I” بٹن منی پلیئر کو فعال کرتا ہے، جسے "Esc” دبا کر بند کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ ویڈیو کی آواز مکمل طور پر بند کرنا چاہتے ہیں تو "M” بٹن کے ذریعے ویڈیو کو میوٹ یا ان میوٹ کیا جا سکتا ہے۔
ان مفید کی بورڈ شارٹ کٹس کی مدد سے صارفین یوٹیوب کو زیادہ تیز، آسان اور مؤثر انداز میں استعمال کر سکتے ہیں اور ماؤس پر انحصار کم کیا جا سکتا ہے۔



