گوگل نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز میں کروم براؤزر کیلئے ایڈوانسڈ آٹوفل کا فیچر متعارف کرادیا
گوگل نے کروم ویب براؤزر کے لیے ایڈوانسڈ آٹوفل فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرا دیا ہے۔
اس نئے فیچر کے ذریعے موبائل ڈیوائسز پر کروم استعمال کرنے والے صارفین روزمرہ کے آن لائن کام پہلے سے زیادہ آسانی اور تیزی سے انجام دے سکیں گے۔
اس اپ ڈیٹ کے بعد فلائٹس چیک کرنے، آن لائن فارم بھرنے اور دیگر ویب فارم مکمل کرنے میں وقت کی بچت ہوگی۔
آئی فون 18 سیریز کے ماڈلز کی قیمت کیا ہوگی؟
اس مقصد کے لیے گوگل والٹ کو کروم کے ساتھ مزید مربوط کیا گیا ہے، جس سے ویب براؤزر براہ راست گوگل والٹ میں محفوظ معلومات حاصل کرکے فارم خودکار طور پر بھر سکے گا۔
اس میں صارفین کے ڈرائیونگ لائسنس، پاسپورٹ اور دیگر محفوظ شناختی معلومات بھی شامل ہوں گی، جس کے باعث فارم بھرتے وقت یہ تفصیلات بار بار دستی طور پر درج کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
گوگل کے مطابق اگر یہ معلومات پہلے سے گوگل والٹ میں موجود نہ ہوں تو صارفین انہیں آسانی سے شامل کر سکیں گے۔
کروم اس حوالے سے صارفین کو ایک آپشن بھی فراہم کرے گا تاکہ مستقبل میں فارم بھرنے کا عمل مزید آسان اور تیز ہو جائے۔
اس اپ ڈیٹ کے بعد نہ صرف ڈیسک ٹاپ بلکہ موبائل ڈیوائسز پر بھی آٹوفل کا تجربہ پہلے سے بہتر ہوگا۔
گوگل نے واضح کیا ہے کہ صارفین کو اپنی ذاتی معلومات پر مکمل اختیار حاصل ہوگا اور کروم میں کوئی بھی ڈیٹا صرف صارف کی اجازت سے ہی محفوظ یا خودکار طور پر استعمال کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق حساس معلومات کو انکرپشن کے ذریعے محفوظ رکھا جائے گا تاکہ غیر مجاز افراد ان تک رسائی حاصل نہ کر سکیں۔
صارفین کسی بھی وقت اپنی محفوظ کردہ معلومات کا جائزہ لے سکیں گے، انہیں اپ ڈیٹ کر سکیں گے یا ضرورت پڑنے پر حذف بھی کر سکیں گے۔