آزادکشمیر میں جو ماحول بنا سب کیلئے باعث پریشانی ہے، یہ اس لیے ہواکہ پچھلی حکومتوں نے اپنا فرض ادا نہیں کیا: نواز شریف
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں پہلی مرتبہ جو ماحول بنا ہے، وہ ہم سب کے لیے باعثِ پریشانی ہے، یہ صورتحال اس لیے پیدا ہوئی کہ گزشتہ حکومتوں نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، جس طرح پنجاب کو بدلا ہے اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی بدلیں گے۔
مری میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اب عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں، اگر آزاد کشمیر میں کارکردگی نہ دکھائی تو لوگ ناراض ہوں گے۔ ماضی میں آزاد کشمیر کی حکومت عوامی امنگوں پر پوری نہیں اتر سکی، اب آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ہماری ترجیح ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام پنجاب کی طرف دیکھ رہے ہیں، آزاد کشمیر کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص ہونے چاہئیں اور وہ کوشش کریں گے کہ کیے گئے وعدے پورے ہوں۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہوگی۔
الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے مثانے کے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے، تحقیق
نواز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سڑکیں اور اسپتال تعمیر ہونے چاہئیں، لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں اور سیاحت کو فروغ دیا جائے۔ پنجاب کی سڑکیں اور اسپتال دیکھ کر لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ آزاد کشمیر میں بھی اسی طرح کی سہولیات موجود ہوں۔ آزاد کشمیر کے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس دی جائیں جبکہ آزاد کشمیر میں کسان کارڈ کی سہولت بھی فراہم کی جانی چاہیے۔
نواز شریف نے کہا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شکایت کا کوئی موقع ملے گا۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دی جبکہ کامیاب نہ ہونے والے امیدواروں کو بھی شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ لیگی امیدواروں نے مخالفین کی انتخابی مہم کا بھرپور مقابلہ کیا، تاہم کچھ شکایات ان تک پہنچی ہیں جن پر انہیں افسوس ہوا۔ ریاست میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کا وزیراعظم تھا، اس لیے انہیں امید نہیں تھی کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شکایت کا کوئی موقع ملے گا۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ سیاسی مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے اور سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔ آزاد کشمیر کا ماحول ہمیشہ اچھا رہا ہے، اس میں اس طرح کے جراثیم کا داخل ہونا اچھی بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے کچھ ساتھیوں کی شکست کا بہت دکھ ہوا ہے، ان عوامل کا جائزہ لینا چاہیے جن کی وجہ سے وہ شکست سے دوچار ہوئے۔ ہمارے اچھے امیدوار تھے اور اگر انہیں شکست ہوئی ہے تو اس کی وجوہات پر غور کرنا چاہیے۔ آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ ن کو اکثریت مل چکی ہے، امیر مقام ایسے انتخابی مہم چلا رہے تھے جیسے یہ ان کا اپنا الیکشن ہو، اس لیے ہمیں حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے۔
سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے کہا کہ جب وہ وزیراعظم تھے تو ڈالر 100 روپے کا تھا، اس کے بعد ڈالر کہاں سے کہاں چلا گیا۔ ایک حکومت نے جو نعرے لگائے تھے وہ سارے کے سارے بیکار گئے اور کسی نعرے پر عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تنقید میں نہیں جانا چاہتے لیکن نعرے لگانے والی حکومت کے دور میں پاکستان کی جو حالت ہوئی، ایسی صورتحال انہوں نے پاکستان میں کبھی نہیں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ ملک آگے کی طرف بڑھ رہا ہے اور بہت جلد مسائل پر قابو پالیں گے۔ مسلم لیگ ن نے اپنے منشور پر 100 فیصد عمل کرنا ہے۔ آزاد کشمیر پہاڑی علاقہ ہے اور یہاں ہیلی کاپٹر ہونا ضروری ہے، اس لیے شہباز شریف آزاد کشمیر حکومت کو ہیلی کاپٹر فراہم کریں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اس وقت تمام معاملات کو درست کر رہے ہیں۔ جب شہباز شریف نے حکومت سنبھالی تو حالات بہت خراب تھے، تاہم اب حالات دن بدن بہتر ہو رہے ہیں اور پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کیا جائے اور پاکستان اقتصادی طور پر خودمختار ملک بن جائے۔