ٹریفک پولیس نے شہر کی مختلف شاہراہوں کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ گرومندر سے نمائش آنے اور جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق سڑکوں پر رکھے گئے کنٹینرز بھی ہٹا دیے گئے ہیں جس کے بعد متعدد مقامات پر ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی ہے۔
راشد منہاس روڈ پر نیپا آنے اور جانے والے دونوں اطراف ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ہے۔ مین یونیورسٹی روڈ پر نیپا سے سمامہ کی جانب بھی ٹریفک رواں ہے۔
تاہم نمائش چورنگی سے جناح گراؤنڈ جانے والا راستہ تاحال بند ہے کیونکہ وہاں ابھی کنٹینرز موجود ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لائنز ایریا کے اطراف تمام سڑکیں بند کر دی گئی تھیں۔ اس کے باعث شہر کی کئی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور بدترین ٹریفک جام ہوا۔
سپر ہائی وے کی دونوں سڑکیں ٹریلر لگا کر بند کی گئی تھیں جس کی وجہ سے سہراب گوٹھ پر شدید ٹریفک جام ہوا۔ سپر ہائی وے اور بحریہ ٹاؤن جانے والے شہری کئی گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے۔
لکی ون سے گلشن اقبال جانے والا روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ نمائش چورنگی اور ایم اے جناح روڈ سمیت جناح گراؤنڈ جانے والے راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
شہر کی بیشتر شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔