سکیورٹی فورسز کا بنوں میں آپریشن، انتہائی مطلوب خارجی لیڈر سمیت 2 دہشتگرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے بنوں میں آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے انتہائی مطلوب رنگ لیڈر سمیت دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو خوارج مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے افراد سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
اے این ایف کی کارروائیاں، 105.96 کلو گرام منشیات برآمد، 8 ملزمان گرفتار
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج میں رنگ لیڈر وحید اللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار شامل ہے۔ رنگ لیڈر وحید اللہ عرف مختیار دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا اور وہ انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مذکورہ رنگ لیڈر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کی شہادتوں میں بھی ملوث تھا۔ وہ 21 فروری 2026 کو بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی سہولتکار بھی تھا، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے ذریعے اس گھناؤنے عمل کا بدلہ لیتے ہوئے مرکزی مجرم کو انجام تک پہنچایا گیا، جبکہ بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑے سانحے کو بھی ناکام بنایا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور سکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔