Gas Leakage Web ad 1

عامر خان نے اپنی کامیابی کے پیچھے چھپی دردناک داستان بیان کر دی

0

بالی وڈ اداکار عامر خان نے اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دور کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب وہ کام سے واپس آکر گھر میں رویا کرتے تھے۔

Gas Leakage Web ad 2

عامر خان نے بی ایف آئی لندن فلم فیسٹیول میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 1988 میں فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ سے فلمی سفر کا آغاز کیا، جو کامیاب ثابت ہوئی اور انہیں راتوں رات شہرت ملی، تاہم اس کے بعد بھی انہیں اپنی پسند کے کام کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اداکار کے مطابق ایک بڑی کامیاب فلم کے باوجود بڑے فلم ساز انہیں سنجیدگی سے نہیں لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کامیاب تو ہو گئے تھے، لیکن ان کے پاس وہ کام نہیں تھا جو وہ کرنا چاہتے تھے اور جن ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش تھی، ان کی جانب سے کوئی پیشکش نہیں آئی۔

عامر خان نے بتایا کہ اس دور میں اداکار بیک وقت کئی فلموں میں کام کرتے تھے اور اسی سوچ کے تحت انہوں نے بھی اسکرپٹس کی بنیاد پر تقریباً 8 سے 10 فلمیں سائن کر لیں۔ تاہم بعد میں انہیں احساس ہوا کہ یہ فیصلہ ان کی شخصیت اور کام کرنے کے انداز کے مطابق نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان میں سے زیادہ تر فلمیں نئے ہدایت کاروں کی تھیں اور چند ہی ماہ بعد انہیں محسوس ہونے لگا کہ وہ غلط فیصلہ کر چکے ہیں، لیکن انہوں نے اپنے وعدے پورے کیے۔

عامر خان کے مطابق جب یہ فلمیں ریلیز ہوئیں تو کئی مسلسل ناکام ہوئیں اور ان پر ’ون فلم ونڈر‘ کا لیبل لگا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں محسوس ہوتا تھا جیسے وہ ایک مشکل صورتحال میں پھنس گئے ہیں۔

اداکار نے مزید بتایا کہ ہر نئی فلم کے ساتھ ان کی پریشانی بڑھتی گئی اور وہ کام سے واپس آکر روتے تھے، کیونکہ وہ اپنے کام سے مطمئن نہیں تھے۔ ان کے مطابق فلموں میں آنے کا مقصد وہ نہیں تھا جو اس وقت ان کے ساتھ ہو رہا تھا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.