وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ہر عالمی معاملے پر ایک اہم کھلاڑی بن کر ابھر رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت غزہ بورڈ فار پیس میں پاکستان کو بڑی پذیرائی ملی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دنیا بھر میں عزت بڑھ رہی ہے، ماضی میں پاکستان تنہائی کا شکار تھا لیکن اب ہر عالمی معاملے پر اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ فار پیس میں پاکستان کو نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم ملک کے طور پر سامنے آیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب قیادت ایماندار ہو تو اس کا نتیجہ ہمیشہ مثبت نکلتا ہے، وزیراعظم نے فلسطینیوں کا مقدمہ لڑا اور ہر فورم پر فلسطین کی آواز بلند کی۔
واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت غزہ پیس بورڈ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو ان کا حق دیا جائے، آزاد اور خودمختار ریاست فلسطینیوں کا حق ہے، دیرپا امن کیلئے غزہ میں سیز فائر کی خلاف ورزیاں بند ہونی چاہئیں۔