دنیا کی بڑی میراتھونز میں شامل سڈنی میراتھون کل آسٹریلیا میں منعقد ہوگی، جس میں دنیا بھر سے 40 ہزار سے زائد رنرز شرکت کریں گے۔
سڈنی میراتھون میں 24 پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز بھی حصہ لیں گے، جن میں 19 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔
پاکستانی دستے میں کراچی، اسلام آباد اور آسٹریلیا کے علاوہ امریکا، برطانیہ اور سعودی عرب میں مقیم رنرز بھی شامل ہیں، جبکہ پاکستان سے 12 رنرز سڈنی میراتھون میں شرکت کے لیے پہنچ چکے ہیں۔
سوشل میڈیا پر پنشن میں فوری اضافے سے متعلق مطالبے پر ای او بی آئی نے وضاحت جاری کر دی
کراچی سے خالد شیخ، ڈاکٹر جہانزیب مغل، نوشیروان علی، شعیب نظامی، علی قاضی، دانش الہیٰ، حسنین دھرمسے اور یوسف ملک میراتھون میں شریک ہوں گے۔
خواتین رنرز میں کوکب سرور، ڈاکٹر رابعہ نعیم، مہوش بلال، حرا دیوان اور سیدہ میمونہ ہمدانی شامل ہیں۔
دیگر پاکستانی رنرز میں علی زیدی، عامر بٹ، قمر ضیا، جنید میمن، زین عالم، نوید حسن، عمر رشید، تابش مختار، میر شہزاد اور ڈاکٹر عدنان افضل شامل ہیں۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے دانش الہیٰ سڈنی میراتھون میں منفرد انداز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ میراتھون میں شلوار قمیض پہن کر دوڑیں گے تاکہ پاکستان کا نرم اور مثبت تاثر اجاگر کرنے کے ساتھ اپنے ملک کے بارے میں آگاہی بھی پیدا کی جاسکے۔
دانش الہیٰ کے مطابق سڈنی میراتھون ان کی ساتویں میراتھون ہے اور وہ اس موقع کے لیے انتہائی پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سڈنی دوڑنے کے لیے بہترین شہر ہے۔
42.195 کلومیٹر طویل میراتھون نارتھ سڈنی سے شروع ہوگی، جہاں سے رنرز سڈنی ہاربر برج، دی راکس، بارنگارو، ڈارلنگ ہاربر اور دیگر اہم مقامات سے گزرتے ہوئے سڈنی اوپیرا ہاؤس کے قریب فنش لائن عبور کریں گے۔
سڈنی میراتھون 2025 میں ایبٹ ورلڈ میراتھون میجرز کا حصہ بنی تھی، جبکہ 2026 میں کیپ ٹاؤن کے شامل ہونے کے بعد ورلڈ میراتھون میجرز کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔
سابق برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مائیک نتھاوریاناکس بھی سڈنی میراتھون میں شرکت کریں گے۔ اگرچہ وہ پاکستانی دستے کا باضابطہ حصہ نہیں ہیں، تاہم ان کی شرکت کا مقصد پاکستان سے جڑا ہوا ہے۔ وہ میراتھون کے ذریعے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی دی سٹیزنز فاؤنڈیشن کے لیے فنڈز اکٹھے کر رہے ہیں۔
مائیک نتھاوریاناکس نے 2026 میں 6 میراتھونز کے ذریعے ایک ملین امریکی ڈالر فنڈز اکٹھے کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، جبکہ سڈنی میراتھون ان کی چھ میراتھونز پر مشتمل مہم کی تیسری ریس ہوگی۔