سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر موئسس ہنریکس کو پرتگال کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا۔
39 سالہ ہنریکس کو فن لینڈ میں 14 سے 20 اگست تک ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یورپ سب ریجنل کوالیفائر سی کے لیے پرتگال کی 14 رکنی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔
پاکستان کیساتھ مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کیلئے تیار ہیں، پاک ایران تعلقات سے علاقائی استحکام مضبوط ہوگا: ایرانی صدر
اس ٹورنامنٹ کے گروپ بی میں پرتگال، اسرائیل، جرمنی، یونان اور چیکیا کی ٹیمیں شامل ہوں گی، جبکہ گروپ کی فاتح ٹیم 21 اگست کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنائے گی۔
موئسس ہنریکس نے آسٹریلیا کی جانب سے 4 ٹیسٹ، 16 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، جبکہ انہوں نے آسٹریلیا کے لیے آخری میچ 2021 میں کھیلا تھا۔
واضح رہے کہ ہنریکس پرتگالی جزیرے مڈیرا میں پیدا ہوئے تھے، جو عالمی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی جائے پیدائش بھی ہے۔
ہنریکس بچپن میں اپنے خاندان کے ہمراہ آسٹریلیا منتقل ہوگئے تھے، جہاں انہوں نے کرکٹ میں کامیاب کیریئر بنایا اور نیو ساؤتھ ویلز اور سڈنی سکسرز کی نمائندگی کی۔ انہوں نے گزشتہ ماہ آسٹریلوی ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
اس وقت آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پرتگال 37ویں نمبر پر ہے اور ٹیم عالمی سطح پر اپنی جگہ بنانے کے لیے کوالیفائر میں کامیابی حاصل کرنے کی خواہاں ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر میں پرتگال کی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 14 اگست کو اسرائیل کے خلاف کرے گی۔
گروپ کی فاتح ٹیم فائنل میں پہنچے گی، جہاں کامیابی کی صورت میں وہ یورپی ریجنل فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔
یورپی ریجنل فائنل کی ٹاپ دو ٹیمیں 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے عالمی کوالیفائر میں پہنچیں گی، جس کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کریں گے۔