واٹس ایپ کے نئے ریسٹریکٹڈ چیٹ فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ جانیں
واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نیا سکیورٹی فیچر ’’ریسٹریکٹڈ چیٹ‘‘ متعارف کرایا ہے، جو اس میسجنگ پلیٹ فارم کی ایڈوانس چیٹ پرائیویسی کا نیا ٹول ہے۔

یہ درحقیقت ایک ایسا سوئچ ہے جسے فعال کرنے کے بعد اکاؤنٹ سے منسلک ڈیوائسز پر مخصوص چیٹس کو دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ ایک رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ ایک اختیاری سکیورٹی فیچر ہے جسے صارفین کو خود فعال کرنا ہوگا، کیونکہ یہ بائی ڈیفالٹ غیر فعال ہوگا۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ہر چیٹ ونڈو میں اسے الگ سے فعال کرنا ہوگا۔ اس کے لیے مطلوبہ چیٹ کھول کر اوپر موجود نام پر کلک کرکے چیٹ انفو اسکرین کھولیں، پھر نیچے اسکرول کرنے پر ’’ریسٹریکٹڈ چیٹ‘‘ کا آپشن نظر آئے گا، جس پر کلک کرکے اسے فعال کیا جاسکتا ہے۔
فی الحال یہ فیچر انفرادی صارفین کی چیٹ کے لیے دستیاب ہے اور گروپ چیٹس پر کام نہیں کرتا۔ جب کسی چیٹ کو ریسٹریکٹ کیا جائے گا تو اس کا اطلاق چیٹ میں موجود دونوں افراد پر ہوگا۔
یعنی واٹس ایپ کی جانب سے اس چیٹ کی میڈیا فائلز گیلری میں محفوظ نہیں کی جائیں گی اور دونوں افراد میں سے کوئی بھی چیٹ کو ایکسپورٹ نہیں کرسکے گا۔ اسی طرح چیٹ میں میٹا اے آئی کے فیچرز بھی غیر فعال ہوجائیں گے، جبکہ پرائمری ڈیوائس کے علاوہ کسی بھی منسلک ڈیوائس سے اس چیٹ تک رسائی ممکن نہیں ہوگی۔
پرانے ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی کے تحت موجود چیٹس بدستور لنکڈ ڈیوائسز پر دستیاب ہوں گی۔
چونکہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے، اس لیے یہ تمام صارفین کے لیے کب تک دستیاب ہوگا، اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا مشکل ہے۔



