اوپن اے آئی نے اپنا اے آئی ایجنٹ ڈاٹس متعارف کرا دیا
اوپن اے آئی نے اپنا نیا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ایجنٹ ڈاٹس متعارف کرا دیا ہے۔

کمپنی نے سالانہ ڈویلپر ڈے کانفرنس کے موقع پر اس اے آئی ایجنٹ کا اعلان کیا۔ کمپنی کے مطابق یہ ہر وقت دستیاب اے آئی ایجنٹ ہے، جس کے ذریعے کمپنی اے آئی چیٹ بوٹ کے شعبے سے آگے بڑھتے ہوئے صارفین کے مختلف کام خودکار طریقے سے انجام دینے کی سہولت فراہم کرے گی۔
جی پی ٹی 6 آسٹرا پر مبنی یہ اے آئی ایجنٹ ایک کلاؤڈ کمپیوٹر کی طرح کام کرتا ہے جو وقت کے ساتھ صارف کے فیڈ بیک سے سیکھتا ہے اور 27 گھنٹے تک کام کرسکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ اے آئی ایجنٹ 4 ہزار سے زائد ایپس سے فوری طور پر منسلک ہوسکتا ہے تاکہ صارفین کے مختلف کاموں میں مدد فراہم کی جاسکے۔
کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ یہ اے آئی ایجنٹ ہمیشہ صارف کی رسائی میں رہے گا اور اسے تحریری فیڈ بیک یا وائس کمانڈ کے ذریعے ہدایات دی جاسکیں گی۔ کمپنی کے مطابق صارف جتنا زیادہ اس کے ساتھ کام کرے گا، ڈاٹس اتنا ہی زیادہ اس کی ترجیحات، سوچ اور کام کرنے کے انداز کے بارے میں سیکھ سکے گا۔
ڈاٹس کو ویب، موبائل یا ڈیسک ٹاپ پر استعمال کرنا بھی آسان ہوگا۔ صارفین کے تحفظ اور پرائیویسی کے لیے اس میں اضافی اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ صارف اپنی حدود طے کرنے کے ساتھ ساتھ خودکار افعال سے متعلق فیصلوں میں بھی شامل ہوسکے گا۔
کمپنی کے مطابق ہر ڈاٹ ایجنٹ اپنے کلاؤڈ کمپیوٹر کے تحت کام کرتا ہے اور معاون ویب سائٹس میں سائن ان ہونے کے لیے استعمال ہونے والے پاس ورڈز کو محفوظ کرسکتا ہے، تاہم ان پاس ورڈز کی تفصیلات ماڈل تک نہیں جائیں گی۔



