پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق رونالڈو اپنی دیرینہ دوست جارجینا روڈریگیز کے ساتھ پرتگال کے جزیرے مڈیرا میں شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز کا 8 اگست سے غیر معینہ مدت تک ملک گیر ہڑتال کا اعلان
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ وہی جزیرہ ہے جہاں رونالڈو پیدا ہوئے اور انہوں نے اپنا بچپن گزارا۔ رونالڈو اور ان کی دوست رواں ماہ 8 اگست کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، تاہم دونوں کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ طور پر کسی قسم کی تصدیق نہیں کی گئی۔
برطانوی جریدے کی رپورٹ کے مطابق مہمانوں کے اعزاز میں فائیو اسٹار ہوٹل میں شاندار استقبالیے سے قبل دونوں مڈیرا کے فنچل کیتھیڈرل چرچ میں شادی کی رسومات ادا کریں گے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شادی کے لیے لگژری ہوٹل کے دو فلورز اور متعدد بارز جمعہ اور ہفتہ کے روز بند رہیں گے۔ ہوٹل میں جاری غیر معمولی انتظامات کی وجہ سے یہ قیاس آرائیاں مزید شدت اختیار کر رہی ہیں کہ تمام تر تیاریاں رونالڈو اور روڈریگیز کی شادی کے سلسلے میں ہی کی جا رہی ہیں۔
پرتگالی میڈیا نے اس سے قبل خبر دی تھی کہ رونالڈو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے بعد شادی کر لیں گے۔
خیال رہے کہ رونالڈو اور روڈریگیز پہلی بار 2016 میں ایک دوسرے سے ملے تھے، جس کے بعد دونوں نے اگست 2025 میں منگنی کی تھی۔ دونوں کے 5 بچے ہیں۔
اس حوالے سے رونالڈو نے بعد میں یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ ان کی بڑی بیٹی نے روڈریگیز کو شادی کی پیشکش کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔