لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو انتظامی اور مالیاتی طور پر خودمختار بنانے اور پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کا بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ، ادائیگی کے طریقہ کار اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے میچ فیس میں اضافے کی منظوری بھی دی۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو ساڑھے 6 لاکھ روپے اور ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کو ساڑھے 4 لاکھ روپے فی میچ ادا کیے جائیں گے۔
سعودی عرب نے 3 ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردیں
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے اور بی کیٹیگری میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑی شامل ہوں گے۔ اے کیٹیگری میں شامل ٹیسٹ کھلاڑی کو 15 لاکھ روپے، ون ڈے کھلاڑی کو ساڑھے 7 لاکھ روپے اور ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی کو ساڑھے 6 لاکھ روپے فی میچ ملیں گے۔
بی کیٹیگری میں شامل ون ڈے کھلاڑیوں کو ساڑھے 7 لاکھ روپے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کو 5 لاکھ روپے فی میچ ادا کیے جائیں گے۔
سی کیٹیگری میں شامل کھلاڑی صرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلیں گے اور ان کی میچ فیس 5 لاکھ روپے ہوگی۔ اگر اس کیٹیگری کا کوئی کھلاڑی ون ڈے میچ کھیلے گا تو اسے بھی 5 لاکھ روپے ہی ادا کیے جائیں گے۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے قائداعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے جبکہ ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں خواتین کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور ان کے لیے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بورڈ آف گورنرز نے مزید 12 گراؤنڈز کو فعال بنانے اور نیشنل اسٹیڈیم سمیت دیگر انفرا اسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی، جبکہ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں بائیو میکینکس مشین نصب کرنے کے لیے فنڈز مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔