اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے غیر قانونی افغان شہریوں کی گرفتاری کے لیے 10 جولائی 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، 10 جولائی کے بعد ایسے تمام افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو بغیر قانونی دستاویزات یا مؤثر ویزا کے پاکستان میں مقیم ہیں۔
5 شادیاں کرنے والی شاطر دلہن گرفتار، طریقہ واردات کیا تھا؟
نوٹیفکیشن میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، انسپکٹر جنرلز پولیس اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو "غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے” (IFRP) پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق 11 جولائی 2026 سے روزانہ کی بنیاد پر گرفتاریوں اور دیگر کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ وزارت کو ارسال کرنا لازمی ہوگا۔
حکومت نے اس مہم کو "انتہائی اہم ترجیح” قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی، گرفتاری اور واپسی کے عمل کو مؤثر اور تیز بنایا جائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملک میں امیگریشن قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانا اور غیر قانونی قیام کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔