عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ جیتنے کے بعد اپنی پہلی انسٹاگرام پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
علی ظفر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ خدا کے شکر گزار ہیں اور ان تمام افراد کے بھی ممنون ہیں جنہوں نے ان کی زندگی کے مشکل ترین وقت میں ان کا اور سچ کا ساتھ دیا۔
سائیکل پر دنیا کی سیر کو نکلا جرمن شہری اسلام آباد پہنچتے ہی لٹ گیا
انہوں نے کہا کہ بالآخر انصاف ہو گیا ہے، تاہم انہیں کسی قسم کی فتح کا احساس نہیں بلکہ صرف عاجزی اور شکرگزاری کے جذبات ہیں، اور وہ کسی کے خلاف کوئی منفی احساسات نہیں رکھتے۔
علی ظفر نے مزید لکھا کہ ان کے لیے یہ معاملہ اب ختم ہو چکا ہے اور وہ دعاگو ہیں کہ سب لوگ وقار اور سکون کے ساتھ آگے بڑھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اس کامیابی کو جشن کے طور پر نہیں دیکھتے بلکہ ان کے دل میں صرف انکساری، عاجزی اور شکرگزاری کے جذبات موجود ہیں۔
واضح رہے کہ منگل کے روز لاہور کی ایک عدالت نے علی ظفر کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔
سماعت کے دوران میشا شفیع عدالت میں پیش نہیں ہوئیں اور نہ ہی اپنے الزامات کے حق میں مؤثر شواہد پیش کر سکیں، جبکہ علی ظفر نے اپنے تمام گواہان عدالت میں پیش کیے، جس کے بعد فیصلہ ان کے حق میں سنایا گیا۔
یاد رہے کہ علی ظفر نے 2018 میں میشا شفیع کی جانب سے ہراسانی کے الزامات سامنے آنے کے بعد ان کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا، اور یہ مقدمہ پاکستان کے نمایاں ’می ٹو‘ کیسز میں شمار کیا جاتا ہے۔