ایلون مسک کی کمپنی کی نئی گاڑی جو پرواز بھی کرسکتی ہے
ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے ایک نئی گاڑی متعارف کرائی ہے، جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ یہ پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ٹیکساس میں ٹیسلا کے ایک ایونٹ کے دوران ایلون مسک نے کمپنی کی نئی روڈسٹر گاڑی پیش کی۔ دو نشستوں والی یہ اسپورٹس کار نہ صرف ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں صفر سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر سکتی ہے بلکہ انتہائی ڈھلوان والے راستے پر چلنے اور ایئر جیٹ کی مدد سے الٹی لٹک کر نیچے اترنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔
معدنیات نکالنے کیلئے ہیں، ہم انہیں نکالیں گے اور فروخت بھی کرینگے: گورنر کے پی
گاڑی کے مظاہرے کے دوران اس میں کوئی ڈرائیور موجود نہیں تھا۔ ایلون مسک نے کہا کہ انہوں نے کسی ڈرائیور کو اس لیے نہیں بٹھایا تاکہ آزمائش کے دوران کسی حادثے کی صورت میں کوئی جانی نقصان نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔ ان کے بقول، ممکن ہے کہ گاڑی وہ سب کچھ کر سکے جس کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، تاہم اگر ایسا نہ بھی ہوا تو بھی وہ محفوظ فاصلے پر موجود ہیں۔
بعد ازاں ایک اور مظاہرے میں روڈسٹر کو اسی ایئر جیٹ کی مدد سے ٹیسلا کی دیگر گاڑیوں کے اوپر سے اڑ کر گزرتے ہوئے دکھایا گیا۔
تاہم حقیقی زندگی میں جب ڈرائیور اس فیچر کو استعمال کریں گے تو یہ کس حد تک مؤثر ثابت ہوگا، اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا ممکن نہیں۔
یہ گاڑی 10 نوزلز استعمال کرتی ہے، جنہیں ایلون مسک نے الٹرا ہائی پریشر ایئر ٹینکس قرار دیا۔ ان کی مدد سے گاڑی ہوا میں تیرنے یا رفتار حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایلون مسک نے کہا کہ یہ منصوبہ دنیا کی بہترین گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی اور دنیا کی بہترین راکٹ کمپنی کے اشتراک کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس گاڑی کی پروڈکشن 2028 میں شروع ہوگی۔
تاہم یہ کہنا ابھی مشکل ہے کہ آیا یہ گاڑی واقعی پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے یا نہیں، کیونکہ آزمائش کے دوران اس کی طویل پرواز کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔



