Gas Leakage Web ad 1

پاکستان اور قطر کا تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

0

پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس کا دوسرا اجلاس دوحہ میں منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قطر کے وزیر مملکت برائے امورِ خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے کی۔

Gas Leakage Web ad 2

اجلاس میں پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ اپریل 2026 میں منعقدہ پہلے اجلاس کے بعد دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملک بھر کے سکول و مدارس کے 5 لاکھ ہونہار طلبہ میں کروم بکس کی تقسیم کا آغاز
اجلاس کے دوران پاکستان نے پاک خلیج تعاون کونسل آزاد تجارتی معاہدے پر جلد دستخط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستانی حکام نے بتایا کہ معاہدے کی داخلی منظوری کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ حتمی کارروائی جلد مکمل کرنے کے لیے قطر سے تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔

پاکستان نے قطر سے ہڈی والے گوشت کی برآمد پر عائد پابندی جلد ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ پاکستانی حکام کے مطابق گوشت کی برآمدات کے حوالے سے جانوروں کی صحت اور فوڈ سیفٹی سے متعلق جامع تکنیکی دستاویزات قطر کو فراہم کر دی گئی ہیں۔

اجلاس میں پاکستان سے قطر کو سرکاری سطح پر چاول کی فراہمی کے مجوزہ معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اور قطر کی کمپنی حساد فوڈ کے درمیان مجوزہ معاہدہ منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔

پاکستان نے قطر کو جدید زراعت، اناج ذخیرہ کرنے، کولڈ اسٹوریج اور زرعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پائیدار سپلائی انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں الیکٹرک گاڑیوں اور نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی صنعت میں سرمایہ کاری، مشترکہ تیاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی شراکت داری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پاکستان نے قطر کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور آئی ٹی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

پاکستان اور قطر کے درمیان بحری نقل و حمل اور شپنگ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ پاکستان نے آئل ٹینکرز، ایل این جی کیریئرز اور کنٹینر جہازوں کے شعبوں میں تعاون کے مختلف مواقع پیش کیے۔

پاکستان نے مجوزہ نئی کراچی، حیدرآباد موٹروے کو قطری سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم منصوبے کے طور پر پیش کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے سے بندرگاہوں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ علاقائی تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

قطر نے پاکستان کے ساتھ سول ایوی ایشن اور فضائی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ پاکستان نے اس تجویز کا خیرمقدم کیا۔ اجلاس میں مجوزہ سرمایہ کاری فنڈ اور مختلف ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان نے زراعت، معدنیات، صنعت، تعلیم، صحت، سیاحت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے 11 تکنیکی ورکنگ گروپس کو جلد فعال کرنے پر زور دیا۔ پاکستانی حکام کے مطابق ان گروپس کے لیے پاکستان کے نمائندوں کی تفصیلات قطر کو فراہم کر دی گئی ہیں، جبکہ قطر سے بھی اپنے نمائندوں کی نامزدگیاں جلد مکمل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تکنیکی ورکنگ گروپس مشترکہ ٹاسک فورس کے تیسرے اجلاس سے قبل تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع سمیت مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق رپورٹس تیار کریں گے۔ پاکستان قطر مشترکہ ٹاسک فورس کا تیسرا اجلاس پاکستان میں منعقد ہوگا۔

اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قطر کے وزیر مملکت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے مشترکہ ٹاسک فورس کے پہلے اجلاس کے منٹس پر باضابطہ دستخط کیے۔

دریں اثنا، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے دوحہ میں ورلڈ انویسٹمنٹ فورم کی سربراہ نان لی کولنز سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال، عالمی اقتصادی چیلنجز، علاقائی تعاون، اقتصادی روابط اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.