تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے پہلے تھیم پارک منصوبے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف نے دستخط کیے۔ اس موقع پر محسن نقوی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی۔
شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اہم سنگِ میل عبور کر لیا
معاہدے کے تحت سعودی سرمایہ کار اسلام آباد میں تھیم پارک کے منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ سی ڈی اے اس منصوبے کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ تھیم پارک منصوبے کے حوالے سے سعودی عرب سے آنے والے معزز مہمانوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بنیادی ڈھانچے کو جدید ترین شہروں کے معیار کے مطابق ترقی دی جا رہی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تھیم پارک کا منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا اور سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران سعودی عرب میں رئیل اسٹیٹ کے حوالے سے ایک روڈ شو منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
اس موقع پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان، بالخصوص اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
تقریب میں سی ڈی اے کے ممبران اور سعودی وفد کے اراکین نے بھی شرکت کی۔



