اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، پارکس کی تزئین و آرائش اور سیف سٹی کا دائرہ کار بڑھانے کے اقدامات جاری ہیں: محسن نقوی

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، پارکس کی تزئین و آرائش اور سیف سٹی منصوبے کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کم ترین مدت میں تعمیر ہونے والا منصوبہ ہوگا، جسے جلد ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ منصوبے کی تعمیر کے دوران آنے والے تمام درختوں کو دوسری جگہ منتقل کیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ماڑی انرجیز نے چینی ہاکی ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو شہریوں کے لیے مزید بہتر اور پرکشش بنانے کے لیے ایف نائن پارک کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ ایف نائن پارک کی طرز پر مزید پارکس بھی بنائے جائیں تاکہ شہریوں کو تفریح کی بہتر سہولتیں میسر آسکیں۔ اسلام آباد کو تفریح کے حوالے سے ایک بہترین شہر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے، جبکہ اسلام آباد میں سیف سٹی منصوبے کا دائرہ کار بھی بڑھایا جا رہا ہے۔ شہر میں گاڑیوں کی شناخت کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جی سکس میں واقع سرکاری فلیٹس کو قابضین سے واگزار کرایا جائے گا۔ طالبہ لائبہ کے معاملے پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے اور پولیس اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ حکومت اسلام آباد میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے، شہری سہولتوں کو بہتر بنانے، سرسبز مقامات کے تحفظ اور تفریحی سہولتوں میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔



