موجودہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں وفاقی حکومت کے قرضوں کے اعداد و شمار سامنے آگئے ہیں۔
دستاویز کے مطابق پاکستان کو ملنے والے بیرونی قرضوں میں 23.60 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ موجودہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 1 ارب 70 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرض لیا گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 1.37 ارب ڈالر کی بیرونی مالی معاونت حاصل ہوئی تھی۔
جولائی سے اگست کے دوران حاصل کیا گیا قرض 476 ارب روپے کے مساوی ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 391 ارب روپے کے مساوی قرض ملا تھا۔
کفایت شعاری مہم، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ورک فرام ہوم ماڈل نافذ
زیر جائزہ عرصے کے دوران مختلف منصوبوں کے لیے 48.45 کروڑ ڈالر جبکہ نان پراجیکٹ کی مد میں 1.21 ارب ڈالر حاصل ہوئے۔ عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو 59 کروڑ ڈالر سے زائد قرض فراہم کیا، جس میں اسلامی ترقیاتی بینک نے 19.12 کروڑ ڈالر اور عالمی بینک نے 23.84 کروڑ ڈالر فراہم کیے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی پاکستان کو 9.57 ارب ڈالر قرض فراہم کیا۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اس دوران مختلف ممالک نے 3 کروڑ 52 لاکھ ڈالر فراہم کیے، جن میں جرمنی کے 1.28 کروڑ ڈالر اور سعودی عرب کے 89 لاکھ ڈالر شامل ہیں۔ رواں مالی سال اب تک چین نے پاکستان کو کوئی مالی معاونت فراہم نہیں کی۔
دستاویز کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں 62 کروڑ 97 لاکھ ڈالر قرض حاصل ہوا، جبکہ غیر ملکی کمرشل بینکوں سے 30 کروڑ ڈالر قرض لیا گیا۔