Gas Leakage Web ad 1

آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات، قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے: پرویز اشرف

0

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے بعض حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ ایل اے 12 کی ایک ویڈیو میں مبینہ بے ضابطگیاں واضح طور پر نظر آتی ہیں، جن کے ثبوت متعلقہ حکام کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر ان شواہد کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں، کیونکہ یہ کوئی ناجائز مطالبہ نہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

واٹس ایپ ویب میں آخرکار آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر صارفین کو دستیاب

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس معاملے پر چیف جسٹس سے سوال اٹھائے ہوئے 48 گھنٹے گزر چکے ہیں، لیکن تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان اعتراضات کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض حلقوں میں پولنگ کا عمل متاثر کیا گیا، ووٹروں کو پولنگ اسٹیشنوں سے باہر نکالا گیا، جبکہ حلقہ ایل اے 12 میں بیلٹ باکس اور ووٹوں کو آگ لگانے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ ان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے ان معاملات پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کیا تھا اور متعلقہ حلقوں کے نتائج روکنے کی درخواست بھی دی تھی۔

راجہ پرویز اشرف نے واضح کیا کہ پارٹی تمام 13 متنازع حلقوں میں دوبارہ پولنگ کا مطالبہ نہیں کر رہی، بلکہ صرف ان پولنگ اسٹیشنوں پر کارروائی چاہتی ہے جہاں مبینہ بے ضابطگیوں کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایل اے 12 کے 25 پولنگ اسٹیشنوں سے متعلق ثبوت الیکشن کمیشن کو جمع کروا دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتائج آنے کے بعد بھی قانونی کارروائی کا عمل ختم نہیں ہوتا، کیونکہ اعتراضات اور اپیلوں کے مراحل باقی رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ہارنے والا امیدوار اعتراض کرتا ہے، لیکن جن اعتراضات کے ساتھ شواہد موجود ہوں، انہیں ضرور سنا جانا چاہیے۔

راجہ پرویز اشرف نے چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے تحفظات کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے تاکہ عوام کا انتخابی عمل پر اعتماد بحال ہو سکے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.