اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے اعلیٰ سطحی وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور اقتصادی شراکت داری سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
امریکی وفد میں ریاست مونٹانا سے ایوانِ نمائندگان کے رکن ریان کیتھ زنکے اور ریاست واشنگٹن سے رکن کانگریس مائیکل جیمز شامل تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور خطے کو درپیش اہم مسائل پر گفتگو کی گئی۔
جنرل سید عامر نےکمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈکا منصب سنبھال لیا، فیلڈ مارشل سے بھی ملاقات
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی امن، دفاعی تعاون اور مشترکہ مفادات پر کھل کر بات چیت ہوئی، جبکہ دونوں جانب سے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور دیرپا خوشحالی کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی اقتصادی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کا انحصار اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور بہتر علاقائی روابط پر ہے۔
انہوں نے پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اور بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
امریکی اراکین کانگریس نے پاکستان کے علاقائی استحکام میں کردار کو سراہتے ہوئے مشکل عالمی حالات میں ملکی معیشت کی مضبوطی اور استحکام کو بھی تسلیم کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تجارت کے فروغ، نجی شعبے کے درمیان تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر بھی تبادلۂ خیال کیا، جبکہ دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان مضبوط شراکت داری کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔
وفد نے پاکستان کی عسکری قیادت کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور دفاع کے ساتھ ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر ادارہ جاتی شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط میں مزید اضافہ اور مستقبل میں عملی تعاون کی نئی راہیں کھلنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔