ناشتے میں متعدد افراد انڈے کھانا پسند کرتے ہیں اور یہ عادت صحت، بالخصوص موٹاپے سے بچاؤ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔
یہ بات اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
جرنل کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ ایک انڈہ کھانے سے جسمانی وزن میں اضافے کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔
شہزادی ڈیانا کا مشہور ریوینج ڈریس تقریباً 30 سال بعد ایک بار پھر نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا
اس تحقیق میں 18 سے 30 سال کی عمر کے 355 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور یہ جائزہ لیا گیا کہ انڈے کھانے سے ان کے جسمانی وزن پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد ہفتے میں کم از کم 5 دن انڈے کھاتے ہیں، ان کا جسمانی وزن دیگر افراد کے مقابلے میں نمایاں حد تک کم ہوتا ہے اور ان کے جسم میں چربی کی مقدار بھی کم ہوتی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ جو افراد انڈے کھانا پسند نہیں کرتے، ان میں دیگر افراد کے مقابلے میں کمر اور پیٹ پھیلنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں شامل افراد سے غذائی عادات کے حوالے سے سوالنامے بھی بھروائے گئے تھے، جس سے محققین کو یہ جاننے میں مدد ملی کہ انڈوں میں موجود پروٹین جسمانی وزن کو کم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ انڈوں میں پروٹین کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے بہترین غذا ثابت ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہفتے میں کم از کم 5 بار انڈے کھانے کی عادت سے جسمانی وزن کو صحت مند سطح پر برقرار رکھنا آسان ہوسکتا ہے۔
محققین نے تسلیم کیا کہ یہ تحقیق مشاہداتی نوعیت کی تھی، اس لیے نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہوگی۔