اسلام آباد: ملک میں ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 125 روپے 95 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 112 روپے 54 پیسے لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز شامل ہیں۔
پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کی تفصیلات سے معلوم ہوتا ہے کہ حکومت ایک لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 125 روپے 95 پیسے اور ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 112 روپے 54 پیسے لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز کی مد میں وصول کر رہی ہے۔
ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ کیلیے جدید سیکیورٹی نظام ناگزیر
دستاویزات کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول کی بنیادی لاگت 209 روپے 76 پیسے ہے، تاہم حکومت نے اس کی فروختی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر مقرر کر رکھی ہے۔ اس قیمت میں 80 روپے پیٹرولیم لیوی، 5 روپے کلائمیٹ سپورٹ لیوی، 17 روپے 28 پیسے کسٹمز ڈیوٹی، 7 روپے 16 پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہیں۔
اسی طرح ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی بنیادی لاگت 270 روپے 92 پیسے ہے جبکہ حکومت نے اس کی قیمت 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر مقرر کی ہے۔
دستاویز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر مجموعی طور پر 112 روپے 54 پیسے لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز وصول کیے جا رہے ہیں۔ ڈیزل پر فی لیٹر 70 روپے 82 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 5 روپے کلائمیٹ سپورٹ لیوی عائد ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے 68 پیسے کسٹمز ڈیوٹی، 4 روپے 53 پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن بھی شامل ہیں۔