(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک): کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام پاکستان پارٹی کے سیکرٹری جنرل مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ برس سے زیر تعمیر یونیورسٹی روڈ پیپلز پارٹی کی کرپشن اور لاپرواہی کی واضح مثال بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پانچ سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا، جو کراچی میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اس اہم منصوبے پر سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے۔
کارگو طیارے کا بلیک باکس نہ مل سکا، مینٹیننس ریکارڈ کا جائزہ لینے تحقیقاتی ٹیم پہنچ گئی
مفتاح اسماعیل نے اردو یونیورسٹی کے اساتذہ کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شہریوں اور کاروباری افراد سے ٹیکس تو وصول کرتی ہے، لیکن متوسط طبقے کے بچوں کو تعلیم دینے والے اساتذہ کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ لیوایبل انڈیکس میں دنیا کے 173 شہروں کو شامل کیا گیا، جن میں کراچی کا 170واں نمبر آنا انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، اس لیے موجودہ صورتحال کی ذمہ داری سابق حکومتوں پر نہیں ڈالی جا سکتی۔
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ سندھ میں تعلیم کا معیار سب سے خراب ہے، جبکہ صحت اور پولیس کے شعبوں کی صورتحال بھی سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار برس کے دوران پاکستانیوں کی اوسط آمدنی میں کمی آئی ہے اور ملک میں پیٹرول مہنگا ہونے کی بنیادی وجہ بھاری ٹیکسز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چار سال میں مہنگائی کی شرح 78 فیصد بڑھی ہے، جس کے باعث تنخواہ دار طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے، جبکہ ملک کی 29 فیصد آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔